دیہی علاقوں میں 1800 مین ہولز کور، مزید 150 پر کام تیز
لوکل گورنمنٹ اور واسا کی مشترکہ کارروائیاں ، تالابوں سے ڈی واٹرنگ بھی جاری
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر) محکمہ لوکل گورنمنٹ نے دیہی علاقوں میں اب تک 1800 سے زائد مین ہولز کور کر دیئے ہیں جبکہ مزید 150 مین ہولز پر ڈھکن لگانے کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) ندیم ناصر کی صدارت میں منعقدہ اجلاس کے دوران بتائی گئی۔اجلاس میں ایم ڈی واسا، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، سول ڈیفنس اور لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واسا کی جانب سے شہر کے تالابوں سے پانی کے اخراج، مین ہولز کی کورنگ اور روڈ سائیڈ ڈرینز کو کور کرنے کی مہم جنگی بنیادوں پر جاری ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام مین ہولز کو جیو ٹیگ کیا جائے ۔انہوں نے ضلع بھر میں سیوریج کے پانی سے بننے والے تالابوں کی ڈی واٹرنگ کے عمل میں مزید تیزی لانے کی بھی تاکید کی۔