تاندلیا نوالہ: انتظامی غفلت ، 21 روز میں آوارہ کتوں کے کاٹنے سے 26 افراد زخمی

 تاندلیا نوالہ: انتظامی غفلت ، 21 روز میں آوارہ کتوں کے کاٹنے سے 26 افراد زخمی

زخمیوں میں ڈیڑھ سالہ بچے سے لے کر 80سالہ بزرگ تک شامل ، ریبیز انتہائی مہلک مرض،جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے :طبی ماہرین، اسسٹنٹ کمشنر کا واقعات سے اظہار لاعلمی

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )تحصیل تاندلیانوالہ میں انتظامی غفلت کے باعث انسانی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں، 21روز میں آوارہ کتوں کے حملوں میں26افراد زخمی ہوکر ہسپتال پہنچ گئے ، زخمیوں میں ڈیڑھ سالہ بچے سے لے کر 80 سالہ بزرگ تک شامل ہے ،اسسٹنٹ کمشنر تاندلیانوالہ معاملہ سے ہی لاعلم نکلیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں آوارہ کتوں کیخلاف فوری اور مؤثر کارروائی کرنیکی ہدایت کی تھی تاہم تحصیل تاندلیانوالہ میں صورتحال اس کے برعکس ہے جہاں مؤثر ڈاگ کنٹرول مہم نظر نہیں آتی کیونکہ یہاں کے مختلف دیہات میں گزشتہ 21 روز کے دوران آوارہ کتوں کے کاٹنے سے 26افراد زخمی ہو گئے۔

زخمیوں میں 416 گ۔ب کا رہائشی 32 سالہ محمد اسلم، 391 گ۔ب کا رہائشی 4سالہ محمد ارشد، 419 گ۔ب کا 8 سالہ ذاکر، 429 گ۔ب کا رہائشی 30 سالہ شاہد علی، 602 گ۔ب کا رہائشی 51 سالہ محمد علی ،416 گ۔ب کا رہائشی 22 سالہ محمد زبیر ،کر کا رہائشی 42 سالہ نور احمد، 55 سالہ محمد یوسف، 610 گ۔ب کا رہائشی 17 سالہ علی مراد، 403 گ۔ب کا رہائشی 70سالہ نصیر احمد، 419 گ۔ب کا 8 سالہ اظہر حسین، 423 کا رہائشی 7 سالہ اقبال اور 60 سالہ غفور، 411 گ۔ب کا رہائشی 30 سالہ محمد احسان ودیگر شامل تھے ، تمام افرادد کو طبی امداد کیلئے ہسپتال لایا گیا تھا۔

متاثرین کے اہلخانہ اور علاقہ مکینوں کا مطالبہ ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور چیف سیکرٹری کے احکامات پر فوری عملدرآمد کروایا جائے ،نااہلی کے مرتکب افسر وں اور ملازموں کیخلاف کاروائی کی جائے ۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کتے کے کاٹنے سے ہونیوالی بیماری ریبیز انتہائی مہلک مرض ہے جو جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر تاندلیانوالہ نے لاعلمی کا اظہار کرتے کہا ہے کہ ایسے کیسز میرے علم میں نہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں