سنی تحریک کا بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پاکستان سنی تحریک آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور نظام مصطفی ﷺ کے عملی نفاذ اور مقام مصطفی ﷺ کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل رہے گی۔
تحریک خدمت انسانیت، اتحاد امت اور ناموس رسالت کے تحفظ کے لیے میدان سیاست میں عملی کردار ادا کر رہی ہے ۔ دہشت گردی کے خاتمے ، قیام امن اور فرقہ واریت سے پاک پاکستان کے لیے ریاست اور اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر و ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضاقادری نے PP-99 کے سیکٹر آفس کے افتتاح کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل میدان عمل میں آکر پاکستان کو تمام مسائل سے نجات دلا سکتی ہے ۔ اس سال کے آخر تک تمام صوبائی حلقہ جات میں دفاتر قائم کیے جائیں گے ۔ سنی تحریک تعلیم، صحت اور خوراک کے شعبے میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہے اور ذمہ داران و کارکنان آئندہ انتخابات کی تیاریوں میں تیزی لائیں۔ اس موقع پر میاں عادل قادری، میاں محمد خان، مولانا سید محسن شاہ، مولانا غلام محی الدین امینی، مولانا خضر حیات، مولانا قمر عباس، بابا غلام نبی، عبدالرزاق، اریب ظفر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔