واسا کی 8 ترقیاتی سکیمیں 30 جون تک مکمل کرنے کی ہدایت

واسا کی 8 ترقیاتی سکیمیں 30 جون تک مکمل کرنے کی ہدایت

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے جاری ترقیاتی سکیمیں 30 جون تک مکمل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تمام ترقیاتی سکیموں کی سائٹس پر حفاظتی اقدامات ہر صورت مکمل ہونے چاہئیں۔

واسا ہیڈ آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت 14 میں سے 8 ترقیاتی سکیموں کے تعمیراتی کام 30 جون تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے ، لہٰذا یہ سکیمیں ہر صورت مقررہ مدت میں مکمل کی جائیں تاکہ ان کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے کہا کہ ان 8 ترقیاتی سکیموں کی تکمیل سے آئندہ مون سون سیزن کے دوران شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری اور بہتر سہولیات میسر آئیں گی، اس لیے تمام منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سکیموں کی سائٹس پر حفاظتی انتظامات مکمل ہونے چاہئیں، جن میں عملے کی مکمل یونیفارم، سائٹس کے اطراف بیرئیر لگا کر انہیں آئسولیٹ کرنا، رات کے وقت مناسب روشنی اور نمائندے کی موجودگی کو یقینی بنانا شامل ہے ۔ اس کے علاوہ جس حصے پر کام مکمل ہو جائے اس کی فوری بیک فلنگ کی جائے اور اس کے بعد اگلے حصے پر کام شروع کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں