آٹے اور گندم کی بڑھتی قیمتوں پر شہریوں کو شدیدمشکلات کا سامنا

آٹے اور گندم کی بڑھتی قیمتوں پر شہریوں کو شدیدمشکلات کا سامنا

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)فیصل آباد میں آٹے اور گندم کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک سمیت متعلقہ ادارے اس صورتحال کو کنٹرول کرنے میں غیر سنجیدہ دکھائی دے رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 4,900 روپے فی من تک پہنچ گئی ہے ، 15 کلوگرام فائن آٹے کے تھیلے کی قیمت 2,400 روپے اور چکیوں پر فروخت ہونے والے دیسی آٹے کی قیمت 155 روپے فی کلوگرام سے تجاوز کر گئی ہے ، جس کی وجہ سے عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام بھی مشکل ہو گیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکام شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے 10 کلوگرام سرکاری نرخ والے آٹے کی فراہمی کے دعوے تو کرتے ہیں، لیکن حقیقی معنوں میں مارکیٹ میں سرکاری قیمت والا آٹا دستیاب نہیں ہے ۔ شہریوں کی جانب سے متعدد شکایات کے اندراج کے باوجود انتظامیہ کی کاروائیاں محض کاغذی حد تک محدود رہتی ہیں، جبکہ ناجائز منافع خور اپنے منافع میں اضافہ کر رہے ہیں۔شہری مطالبہ کر رہے ہیں کہ آٹے اور گندم کی قیمتوں کو فوری کنٹرول کیا جائے اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں