آر پی او سے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے وفد کی ملاقات

آر پی او سے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے وفد کی ملاقات

سہیل اختر سکھیرا نے وفد کو مختلف شعبہ جات کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا سے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے 8ویں پروفیشنل پلاننگ اینڈ مینجمنٹ کورس کے وفد نے ملاقات کی۔ آر پی او نے سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر، ایس ایس پی آپریشنز فرقان بلال اور دیگر افسروں کے ہمراہ زیرِ تربیت افسروں کا خیرمقدم کیا۔آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے وفد کو ریجن پولیس کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریجن فیصل آباد میں پولیس کے تمام شعبہ جات کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ انوسٹی گیشن اور آپریشنز ونگ کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے جدید پولیسنگ ماڈل اور حالیہ ڈیجیٹل اصلاحات سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے ریجن میں امن و امان کی صورتحال، غیر ملکی شہریوں (فارنرز) کی سکیورٹی، ایئرپورٹ سکیورٹی اور اہم تنصیبات کے تحفظ سے متعلق اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔آر پی او نے فیصل آباد میں جاری مختلف پولیس پراجیکٹس جن میں سیف سٹی، پولیس ویژن، خدمت مراکز، اینٹی ہراسمنٹ سیل، تحفظ مرکز اور جینڈر وائلنس یونٹ شامل ہیں خواتین کے تحفظ کے لیے ویمن سیفٹی ایپ اور ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کا قیام اہم پیش رفت ہے ۔ آخر میں آر پی او نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس فورس میں متعارف کرائی گئی اصلاحات، عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور جرائم کے کنٹرول سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی اور وفد کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں