شہری حدود سے مویشیوں کا انخلا مکمل نہ ہو سکا
ماناوالہ، ڈی ٹائپ کالونی، غلام محمد آباد، مدینہ ٹاؤن اور شمس آباد سمیت شہر کے متعدد رہائشی علاقوں میں گائے اور بھینسوں کے باڑے ، گندگی اور تعفن پھیل رہا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) میونسپل کارپوریشن کی مبینہ غفلت کے باعث شہری حدود سے مویشیوں کے انخلا کا عمل تاحال مکمل نہ ہو سکا۔ جانوروں کے انخلا کے لیے شروع کیا گیا آپریشن ادھورا چھوڑ دیا گیا، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں مویشیوں کی موجودگی بدستور برقرار ہے ۔ماناوالہ، ڈی ٹائپ کالونی، غلام محمد آباد، مدینہ ٹاؤن اور شمس آباد سمیت شہر کے متعدد رہائشی علاقوں میں گائے اور بھینسوں کے باڑے قائم ہیں۔ شہری علاقوں میں مویشیوں کی موجودگی کے باعث گندگی اور تعفن پھیل رہا ہے ، جس سے اہل علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق شہری حدود میں قائم باڑوں سے روزانہ کئی ٹن گوبر نکلتا ہے جو سیوریج لائنوں میں شامل ہو کر نکاسیٔ آب کے نظام کو متاثر کرتا ہے ۔ سیوریج لائنیں بند ہونے سے گلیاں گندے پانی سے بھر جاتی ہیں، جس سے نہ صرف شہریوں کو اذیت کا سامنا ہے بلکہ سرکاری خزانے پر بھی اضافی بوجھ پڑ رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مویشیوں کی گندگی کے باعث مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہو رہا ہے اور علاقہ بدصورتی کا منظر پیش کر رہا ہے ، تاہم متعلقہ ادارے اس سنگین مسئلے کی جانب سنجیدہ توجہ نہیں دے رہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات اور کمشنر کی ہدایات پر میونسپل کارپوریشن نے مویشیوں کے انخلا کا آپریشن شروع کیا تھا، تاہم اسے مکمل کیے بغیر روک دیا گیا۔ نتیجتاً اب بھی متعدد شہری علاقوں میں درجنوں بڑے جانور موجود ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ میونسپل کارپوریشن اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے فوری طور پر مکمل اور مؤثر آپریشن کے ذریعے رہائشی علاقوں سے مویشیوں کا انخلا یقینی بنائے ۔