غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ ، 165دکانیں سیل
بھاری مقدار میں سامان قبضے میں لے لیا گیا، 28 پٹرول ڈبہ سٹیشنز ختم
فیصل آباد(نیوز رپورٹر)کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی خصوصی ہدایات پر محکمہ سول ڈیفنس کی انفورسمنٹ ٹیم نے شہر بھر میں غیر قانونی ایل پی جی ریفلنگ اور کھلے پٹرول کی فروخت کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا۔ کارروائی کے دوران متعدد دکانوں کو سیل اور بھاری مقدار میں سامان قبضے میں لے لیا گیا۔سول ڈیفنس آفیسر رانا عباس کے مطابق غیر قانونی ایل پی جی ریفلنگ میں ملوث 165 دکانوں/شاپس کو موقع پر سربمہر (سیل) کیا گیا جبکہ 154 مالکان کا ریفلنگ سے متعلق سامان سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔
سنگین خلاف ورزیوں پر 3 مالکان کے خلاف منصور آباد اور جڑانوالہ کے متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کروائے گئے۔انہوں نے بتایا کہ کھلے پٹرول کی غیر قانونی فروخت کے خلاف مہم کے دوران 28 پٹرول ڈبہ سٹیشنز ختم کر دئیے گئے جبکہ کارروائی کے دوران لکڑی کے کاؤنٹرز، پیمانے اور دیگر آلات بھی قبضے میں لے لیے گئے ۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔