پولیس اہلکاروں اور فیملیز کو طبی سہولیات کیلئے ایم او یو
چنیوٹ پولیس اور ای شفاء لیب سنٹر میں سو فیصد ڈسکاؤنٹ دینے پر اتفاق ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے تمام اقدامات کئے جا رہے :ڈاکٹر نوید عاطف
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) آئی جی پنجاب عبدالکریم کی ہدایات کے مطابق پولیس اہلکاروں کی ویلفیئر کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ چنیوٹ پولیس کی خصوصی کاوش کے تحت شہدائے پولیس، حاضر سروس اور ریٹائرڈ اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس سلسلے میں چنیوٹ پولیس اور ای شفاء لیب سنٹر چنیوٹ کے درمیان باہمی یادداشت کے معاہدے (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ۔ تقریب میں ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف اور ای شفاء لیب کے برانچ منیجر راؤ طاہر مقبول نے ایم او یو پر دستخط کیے۔
ایم او یو کے تحت شہدائے پولیس کی فیملیز کو ای شفاء لیب میں سو فیصد ڈسکاؤنٹ فراہم کیا جائے گا، پولیس کے غازیوں کو پچاس فیصد ڈسکاؤنٹ اور حاضر سروس و ریٹائرڈ اہلکاروں کو چالیس فیصد ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا۔ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا کہ پولیس اہلکاروں اور ان کی فیملیز کی فلاح و بہبود کے لیے تمام تر ضروری اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور ان کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا۔