رمضان : ایشیا کی قیمتوں ، معیار کی مانیٹرنگ کا فیصلہ

 رمضان : ایشیا کی قیمتوں ، معیار کی مانیٹرنگ کا فیصلہ

خلاف ورزی پر گرفتاری ،کان سیل کرنے کا حکم،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی روزانہ چیک کی جائے گی ، ‘‘پیرا’’ سٹاف کو بازاروں میں موجود رہنے کی ہدایت

فیصل آباد(نیوز رپورٹر) کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیرِ صدارت رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے حوالے سے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل عباس، اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کی جائے گی جبکہ صبح و شام باقاعدہ میٹنگز کے ذریعے فیلڈ کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں مقامات پر آویزاں ہو اور اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں صرف جرمانے تک محدود نہ رہا جائے بلکہ گرفتاریاں اور دکانوں کو سیل کرنے جیسے سخت اقدامات بھی کیے جائیں۔ رمضان المبارک کے دوران ‘‘پیرا’’ سٹاف کو صبح سے رات تک بازاروں میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی تاکہ قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جا سکے ۔ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے کنٹرول روم کو مزید فعال بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں میگا مارٹس میں ڈسکاؤنٹ کاؤنٹرز قائم کرنے کی ہدایت کی گئی تاہم اشیائے خورونوش کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے پر زور دیا گیا۔ مارکیٹ کمیٹی کو قیمتوں میں بلاجواز اضافہ روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی تاکید کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ روزہ داروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور سہولت بازاروں میں سپروائزرز کی سو فیصد موجودگی یقینی بنائی جائے تاکہ حکومتی ریلیف اقدامات مؤثر انداز میں عوام تک پہنچ سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں