رمضان میں ناجائز منافع خوری برداشت نہیں کرینگے : ذیشان لبھا
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ٹوبہ ٹیک سنگھ کی زیر صدارت اجلاس، انتظامیہ کی بریفنگ
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح نے کہا ہے کہ رمضان میں ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، انہوں نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ ماہ رمضان کے تقدس کا خیال رکھیں اور گرانفروشی یا ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کے شرکاء سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر قیمتوں کی نگرانی کے حوالے سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکنامکس اینڈ مارکیٹنگ زاہد شریف نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے رمضان سے قبل گرانفروشی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں، گزشتہ 48 گھنٹوں میں مجموعی طور پر 3ہزار 678 انسپکشنز کی گئیں ، خلاف ورزی کرنے والوں پر 28ہزار500 روپے جرمانہ کیا گیا، آٹے کی قیمتوں پر 273 انسپکشنز کے دوران 5 ہزار روپے ، روٹی کی قیمتوں کی خلاف ورزی پر 5 ہزار ، گوشت بیف پر 59 انسپکشنز میں 5 ہزار روپے اور مٹن پر 38 انسپکشنز میں 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔