شہریوں کو سہولت: ماڈل و سہولت بازار رمضان بازار میں تبدیل
کمشنر راجہ جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر کا ماڈل بازار جھنگ روڈ کا دورہ
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں ماڈل و سہولت بازار رمضان بازار بن گئے جہاں ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل انتظامیہ ماہ صیام میں صارفین کو ریلیف کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے ۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنرکیپٹن(ر)ندیم ناصر نے ماڈل بازار جھنگ روڈ کا دورہ کیااور پھلوں، سبزیوں، کریانہ، چکن ودیگر بنیادی اشیائے ضروریہ کے سٹالز پر قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا۔انہوں نے نرخناموں کی موجودگی،صارفین سے کوالٹی اور عام مارکیٹ کی نسبت اشیاء کی قیمتوں میں کمی بارے دریافت بھی کیا۔
کمشنر نے کہا کہ ڈویژن بھر کے ماڈل اور سہولت بازاروں کو رمضان بازاروں کا درجہ دے دیا گیا ہے جہاں آٹا، چینی، پھل،سبزیاں،دالیں ودیگر آئٹمز رعایتی نرخوں پر دستیاب ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ماہ صیام کے دوران صارفین کو ریلیف کی فراہمی مشن ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ماڈل بازار جھنگ روڈ،ماڈل بازار ملت روڈ،سہولت بازار جڑانوالہ کو رمضان بازار میں کنورٹ کردیا گیا ہے جبکہ عام مارکیٹ میں صارفین کو معیاری اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر فراہم کرنے کے لئے تمام انتظامی مشینری ماہ صیام میں سرگرم عمل رہے گی۔