پٹرول مہنگا ، جماعت اسلامی کا حکومت سے ریلیف کا مطالبہ
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے رہنماؤں پروفیسر محبوب الزماں بٹ، یاسر کھارا ایڈووکیٹ اور میاں طاہر ایوب نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کے حکومتی فیصلے کو مہنگائی کے مارے عوام کے زخموں پر نمک پاشی قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی ہے ۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں رمضان المبارک کے آغاز پر قیمتوں میں کمی کی جاتی ہے ، مگر ہماری حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرادیا ہے جس سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ رمضان المبارک رحمت، برکت اور آسانی کا مہینہ ہے ، مگر حکومت نے اسے مہنگائی کے عذاب میں تبدیل کر دیا۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ صرف ایندھن تک محدود نہیں بلکہ اس کے اثرات براہِ راست اشیائے خوردونوش، ٹرانسپورٹ کرایوں اور روزمرہ ضروریات کی قیمتوں میں اضافہ کی صورت میں عوام پر منتقل ہوتے ہیں۔ پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی عوام کے لیے یہ فیصلہ ناقابلِ قبول ہے ۔جماعت اسلامی کے راہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے ۔