ریلوے کا بغیر ٹکٹ مسافروں کیخلاف کریک ڈائون، اسٹیشنوں پر سکیورٹی سخت
اعلیٰ افسر، اسسٹنٹ کمرشل منیجرز، چیف کمرشل انسپکٹرز مختلف ٹرینوں ، اسٹیشنز پر جا کر مسافروں کی ٹکٹس کی جانچ پڑتال کررہے ، خصوصی چیکنگ مہم بھی شروع کردی
ملتان (خصوصی رپورٹر)پاکستان ریلوے نے بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں اور ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے ۔ لاہور ہیڈ کوارٹرز کی ہدایات پر یہ خصوصی مہم 19 مارچ 2026 تک جاری رہے گی جس کے دوران ٹرینوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر سخت چیکنگ کی جا رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق اس مہم کے دوران ریلوے کے اعلیٰ افسر، اسسٹنٹ کمرشل منیجرز اور چیف کمرشل انسپکٹرز مختلف ٹرینوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر خود موجود رہ کر مسافروں کے ٹکٹس کی جانچ پڑتال کر رہے ہیں۔
ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ملتان محمد حنیف گل کی ہدایات کے مطابق ملتان ڈویژن میں بھی بغیر ٹکٹ سفر اور ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ کے خاتمے کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں ملتان ڈویژن کے تمام ریلوے سیکشنز میں ٹرینوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر خصوصی چیکنگ کی جا رہی ہے ۔ریلوے حکام کے مطابق چیکنگ کے دوران مسافروں کے نام اور شناختی کارڈ کی سخت جانچ پڑتال کی جا رہی ہے جبکہ رعایتی ٹکٹس جیسے بزرگ شہریوں، صحافیوں اور ملٹری واؤچرز پر سفر کرنے والے مسافروں کی بھی تصدیق کی جا رہی ہے ۔ اس کے علاوہ فیملی کے ساتھ سفر کرنے والے بچوں کے ٹکٹس بھی باقاعدگی سے چیک کئے جا رہے ہیں۔