ٹو بہ :ڈپٹی کمشنر نے ترقیاتی اور صفائی منصوبوں کا جائزہ لیا
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے شہر کے مختلف حصوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی اور صفائی کاموں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر چیف آفیسر ضلع کونسل کاشف محمود اور ایم سی ولید عثمان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے صدر بازار میں بیوٹیفکیشن کے کاموں اور اکبری مسجد پارک کی بحالی کا معائنہ کیا جبکہ شکرگنج پارک میں صفائی ستھرائی، جھولوں کی مرمت، گرین لانز اور فیملی ایریا کی بہتری کے احکامات جاری کیے ۔ سٹی پارک میں بچوں کے لیے نئے جھولے لگانے اور فیملی ایریا کی تزئین و آرائش پر بھی کام تیز کرنے کی ہدایت دی گئی۔مزید برآں، اکال والا روڈ اور جنرل بس اسٹینڈ پر جاری وال آرٹ اور دیگر بیوٹیفکیشن پراجیکٹس کا جائزہ بھی لیا گیا۔ شہر کے تمام پارکس، گرین بیلٹس، قبرستانوں اور عوامی مقامات کی صفائی اور بحالی کے لیے گرینڈ آپریشن جاری ہے ۔ اس دوران سیوریج سسٹم کی بحالی، سٹریٹ لائٹس کی درستگی، لین مارکنگ اور زیبرا کراسنگ کی بحالی کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ شہر سے غیر قانونی وال چاکنگ، بینرز کا خاتمہ اور آوارہ کتوں کے خلاف مہم بھی جاری ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ شہر کی خوبصورتی اور میونسپل سروسز کو منظم انداز میں بہتر بنانا ان کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی سطح پر کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔