چلڈرن ہسپتال میں نیشنل پیرامیڈیکس ڈے کی تقریب کا انعقاد
پیرامیڈکس ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، مسائل حل کرنا ترجیح :ڈاکٹر عامر
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)چلڈرن ہسپتال میں پاکستان الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز اینڈ ہیلتھ سپورٹ سٹاف آرگنائزیشن کے زیراہتمام نیشنل پیرا میڈیکس ڈے کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر نوید اور تنظیم کے سابق صوبائی صدر عامر نذیر گجر تھے ۔تقریب میں چیئرمین چلڈرن ہسپتال رانا شہزاد، صدر ناظم گجر، جنرل سیکرٹری عزیز حنیف، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ نجمہ، شمع، رضوان باجوہ، عثمان حیدر سمیت ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر عامر نذیر گجر نے پیرامیڈیکس سٹاف کی خدمات اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور ملازمین کے پروموشن سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کی درخواست کی۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر نوید نے خطاب میں کہا کہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں پیرامیڈکس سٹاف ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں ان کا کردار کلیدی ہے ۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ سٹاف کو درپیش مسائل کے حل کیلئے انتظامیہ کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے کامیاب اور پروقار انعقاد پر تنظیم کے چیئرمین، صدر اور دیگر عہدیدار وں کو خراج تحسین پیش کیا۔