ٹھیکریوالا: قبرستان میں ناقص صفائی پر عوامی حلقوں کا احتجاج
جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر ،گھاس اور جھاڑیوں نے قبروں کو لپیٹ میں لے
ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر کے قبرستانوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات بہتر بنانے کے اقدامات جاری ہیں، تاہم یونین کونسل 169، چک 66 ج ب دھاندرہ کے مرکزی قبرستان میں ناقص انتظامات نے سرکاری دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے ۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ قبرستان کچرا سٹینڈ کا منظر پیش کر رہا ہے ، جہاں جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر موجود ہیں جبکہ گھاس اور جھاڑیاں قبروں کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہیں۔ اس ابتر صورتحال کی وجہ سے قبرستان آنے والے زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔اسی طرح ملحقہ آبادی چاندنی کالونی میں بھی کوڑے کے ڈھیر تعفن پھیلا رہے ہیں۔
جو نہ صرف ماحولیاتی آلودگی بلکہ مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن رہے ہیں۔ متعدد بار متعلقہ اداروں کو شکایات درج کروانے کے باوجود ابھی تک کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں آئی۔عوامی حلقوں اور مقامی رہائشیوں رانا قیصر، مظہر علی، غلام غوث، غلام مرتضیٰ اور دیگر نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر قبرستان اور رہائشی علاقوں سے کوڑا کرکٹ کے ڈھیر اٹھائے جائیں اور صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل اور بیماریوں سے نجات مل سکے ۔