ایوب ایگریکلچر ریسرچ میں محکمہ زراعت کے زیراہتما م نمائش

ایوب ایگریکلچر ریسرچ میں محکمہ زراعت کے زیراہتما م نمائش

مختلف کمپنیوں کی جانب سے جدید زرعی آلات پیش ،کسانوں کا گہری دلچسپی کا اظہار

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ایوب ایگریکلچر ریسرچ فیصل آباد میں محکمہ زراعت پنجاب کے فیلڈ ونگ کے زیراہتمام نمائش کا انعقاد کیا گیا، افتتاح ڈائریکٹر جنرل زرعی تحقیق پنجاب ڈاکٹر ساجد الرحمٰن نے کیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچرل انجینئرنگ (فیصل آباد ریجن)انجینئر عمر علی رندھاوا، انجینئر منظور احمد سیال، انجینئر مقصود احمد، انجینئر قیصر محمود، انجینئر شاہد حسین ودیگر انجینئرز نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر بینک آف پنجاب کے ریجنل ہیڈ اور ان کی ٹیم بھی موجود تھی تاکہ کسانوں کو مالی سہولیات اور قرضہ جات کے طریقہ کار سے آگاہ کیا جا سکے ۔یہ نمائش ہائی ٹیک فارم میکانائزیشن سکیم پنجاب کے تحت منعقد کی گئی۔ ہائی ٹیک میکانائزیشن سکیم دراصل حکومت پنجاب کا ایک انقلابی اقدام ہے جس کا مقصد زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دینا، پیداواری لاگت میں کمی لانا اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔

اس سکیم کے تحت کسان حکومت پنجاب کے تعاون سے پانچ سال کی مدت کے لیے تین کروڑ روپے تک کا قرض حاصل کر کے جدید زرعی مشینری خرید سکتے ہیں۔ اس سہولت کے ذریعے کسان ہائی ٹیک مشینری مثلاً رائس ہارویسٹر، رائس ٹرانسپلانٹر، جدید کمبائن، اور ہائی پاور ٹریکٹرز حاصل کر کے اپنی زرعی استعداد میں نمایاں اضافہ کر سکتے ہیں۔نمائش میں مختلف کمپنیوں کی جانب سے جدید زرعی آلات پیش کئے گئے جن میں کبوتا کمپنی کے رائس ہارویسٹر اور رائس ٹرانسپلانٹر سمیت دیگر جدید مشینری شامل تھی۔ کسانوں نے مشینری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ماہرین سے رہنمائی حاصل کی،تقریب کا بنیادی مقصد جدید زرعی ٹیکنالوجی کو عام، کسانوں کو سہولیات فراہم اور صوبہ پنجاب میں زرعی ترقی کو مزید مستحکم بنانا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں