رمضان میں گرانفروشوں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن ہوگا:ڈپٹی کمشنر
پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو اشیاء کی سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے ۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس منعقد ہوا جس میں رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل عباس، اسسٹنٹ کمشنرز، پیرا اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں پر فروخت نہ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور کسی کو بھی ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فیلڈ میں انسپکشنز میں نمایاں اضافہ کرنے ، روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کے دورے یقینی بنانے اور ریٹ لسٹوں کی مکمل چیکنگ کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں قیمتوں کی مسلسل مانیٹرنگ اور بار بار چیکنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ ہو سکے ۔ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو بھاری جرمانے ، دکانیں سیل اور مقدمات بھی درج کئے جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح رہے گی اور اس مقصد کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔