ماحولیاتی مسائل کا حل ، صنعتوں کی شہر سے منتقلی کا پلان تیز

ماحولیاتی مسائل کا حل ، صنعتوں کی شہر سے منتقلی کا پلان تیز

وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ریلوکیشن کمیٹی کا اجلاس

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہر میں صنعتوں کے باعث پیدا ہونے والے ماحولیاتی مسائل کے پائیدار حل کے لیے جامع منصوبہ بندی پر عملدرآمد جاری ہے ۔ اس سلسلے میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی جانب سے تشکیل دی گئی ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ریلوکیشن کمیٹی کا اجلاس کنوینئر و ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھر ی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں صنعتوں کے سروے ، ان کی شہر سے منتقلی کے لیے سرکاری اراضی کی نشاندہی اور درکار انفراسٹرکچر سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز، محکمہ لیبر، ماحولیات، واسا اور میونسپل کارپوریشن سمیت متعلقہ اداروں کے افسروں نے شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے شہر سے صنعتوں کی منتقلی کے حوالے سے جاری سروے اور محکمانہ اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ کمشنر کی جانب سے تفویض کردہ ٹاسک کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ان صنعتوں کی نشاندہی کی جائے جو انسانی جان و مال کے لیے ممکنہ خطرات کا باعث بن سکتی ہیں تاکہ ترجیحات کا تعین کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں