وزیر اعلیٰ نے سویپ کی رفتار تیز کرنے کی منظوری دیدی

وزیر اعلیٰ نے سویپ کی رفتار تیز کرنے کی منظوری دیدی

منصوبہ کراچی صاف، سرسبز، رہنے کے قابل بنانے کے وژن کاحصہ، مراد شاہکچرا اٹھانے ، ٹھکانے لگانے ، ڈمپ سائٹس پرحفاظتی اقدامات بہتر ہونگے ، خطاب

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سالڈ ویسٹ ایمرجنسی اینڈ ایفیشنسی پروجیکٹ (سویپ) کی رفتار تیز کرنے کی منظوری دے دی ہے جو کراچی کے ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کو جدید، ماحولیاتی تقاضوں سے ہم آہنگ اور موسمیاتی طور پر پائیدار نظام میں تبدیل کرنے کا ایک اہم منصوبہ ہے ۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مراد شاہ نے کہا کہ سویپ، حکومت سندھ اور عالمی بینک کا مشترکہ منصوبہ ہے اور کراچی کو صاف، سرسبز اور رہنے کے قابل شہر بنانے کے وژن کا مرکزی حصہ ہے ۔ اجلاس میں وزیر بلدیات ناصر شاہ، میئر مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر ، پرنسپل سیکریٹری ٹو چیف منسٹر آغا واصف، سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد اور پروجیکٹ ڈائریکٹر سویپ انور شر نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سویپ کا بنیادی مقصد کراچی کے کاربن فٹ پرنٹ میں کمی لانا اور قومی و بین الاقوامی ماحولیاتی معیار پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ نہ صرف کچرا اٹھانے اور اسے ٹھکانے لگانے کے نظام کو جدید بنائے گا بلکہ ڈمپ سائٹس پر حفاظتی اقدامات کو بہترکریگا، استعمال شدہ مقامات کی بحالی کرے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سویپ پاکستان وژن 2025 سے ہم آہنگ ہے ، جس میں شہری آلودگی میں کمی، ویسٹ ٹرانسفر سسٹمز کی جدید کاری اور پائیدار شہروں کے فروغ پر زور دیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت مربوط اور جامع سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نظام کے ذریعے پائیدار اور رہنے کے قابل ماحول فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں