رفاہی پلاٹ پرتعمیرات، سندھ ہائیکورٹ بلڈنگ اتھارٹی پربرہم
گلستان جوہر بلاک 10میں پلاٹ مسجد، پارک کیلئے مختص ہے ، درخواست گزاربغیر منظوری تعمیرات پر کارروائی کیوں نہ کی، ایس بی سی اے سے عدالتی استفسار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے گلستانِ جوہر بلاک 10 میں رفاہی پلاٹ پر مبینہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کارروائی نہ کرنے پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی پر برہمی کا اظہار کیا اور آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بلاک 10میں مسجد اور پارک کیلئے مختص رفاہی پلاٹ پر غیر قانونی تعمیرات جاری ہیں اور متعلقہ حکام کو متعدد بار آگاہ کیا، تاہم کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ایس بی سی اے نے مذکورہ تعمیرات کے لیے بلڈنگ پلان کی منظوری دی تھی۔ وکیل ایس بی سی اے نے عدالت کو بتایا کہ ادارے کی جانب سے کسی بھی قسم کے بلڈنگ پلان کی منظوری نہیں دی گئی۔ اس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ جب بلڈنگ پلان ہی منظور نہیں تو ایس بی سی اے نے کارروائی کیوں نہیں کی۔ وکیل ایس بی سی اے نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ پلاٹ کے ڈی اے کی ملکیت ہے ۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ پلاٹ کسی کا بھی ہو، تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کرنا ایس بی سی اے کی ذمہ داری ہے ۔ وکیل ایس بی سی اے نے مہلت طلب کرتے ہوئے کہا کہ معلوم کیا جائے گا کہ پلاٹ رفاہی ہے یا نہیں اور مکمل رپورٹ پیش کی جائے گی۔