میئر مرتضیٰ وہاب کا ترقیاتی منصوبوں کا دورہ، کام جلدمکمل کرنے کی ہدایت
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو کام کی رفتار تیز کرنے اور معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔۔۔
میئر کراچی نے اولڈ سٹی ایریا، جہانگیر روڈ اور ہدایت اللہ روڈ پر جاری کارپیٹنگ کے کام کا جائزہ لیا اور منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق موقع پر بریفنگ حاصل کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اولڈ سٹی ایریا میں جاری ترقیاتی کاموں کے مثبت اثرات پورے شہر پر پڑیں گے اور ٹریفک کی روانی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔بعدازاں میئر کراچی نے شاہراہ فیصل پر جاری بیوٹیفکیشن منصوبے کا معائنہ کیا۔انہوں نے متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت دی کہ رمضان المبارک کے پیش نظر شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں اور عیدالفطر سے قبل کام مکمل کرنے کو یقینی بنایا جائے ۔