پیرا فورس کی اولین ترجیح قیمتوں کو اعتدال میں رکھنا ہونا چاہیے،کمشنر

پیرا فورس کی اولین ترجیح قیمتوں کو اعتدال میں رکھنا ہونا چاہیے،کمشنر

تاجر برادری کو ساتھ ملا کر سٹالز پر اشیا تھوک قیمتوں پردستیاب کرائی جائیں،خطاب

راولپنڈی (نیوز رپورٹر) کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک نے کہا کہ رمضان المبارک میں پرائس کنٹرول پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے پیرا فورس کی اولین ترجیح قیمتوں کو اعتدال میں رکھنا ہونا چاہیے۔ اس سلسلے میں انتظامی افسران منڈی میں بولی کی نگرانی اورکریٹکل بازاروں میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس لگاتار پیٹرولنگ کریں۔ انہوں نے رمضان نگہبان کارڈ کی تقسیم میں میرٹ اور شفافیت ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اس عمل کی براہ راست نگرانی کریں۔ تاجر تنظیموں کو آن بورڈ لیتے ہوئے تازہ قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، کمشنر راولپنڈی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کو روزانہ سبزی و پھل منڈیوں کے دورے کرنے کی ہدایت کی جبکہ ڈپٹی کمشنرز کو ہفتہ میں کم از کم دو سے تین مرتبہ مارکیٹس کا خود دورہ کریں۔ کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ راولپنڈی کی طرز پر دیگر اضلاع میں بھی تاجر برادری کو ساتھ ملا کر سٹالز پر اشیا تھوک قیمتوں پر دستیاب کرائی جائیں تاکہ عوام کو براہ راست ریلیف فراہم ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس راولپنڈی میں رمضان انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا جس میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز و لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان نے شرکت کی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں