گداگروں کو حراست میں لے کر واپس بھیجنے کی ہدایت

گداگروں کو حراست میں لے کر واپس بھیجنے کی ہدایت

صوبائی وزیر داخلہ کی زیر صدارت اجلاس،ٹریفک ایشوز پر برہمی کا اظہار غیرقانونی پارکنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ، ضیاء الحسن لنجار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر داخلہ  ضیاء الحسن لنجار کی زیرِ صدارت ماہِ صیام کے موقع پر ترتیب دیے گئے جامع سیکیورٹی کنٹی جینسی پلان کا اعلیٰ سطح جائزہ اجلاس/ویڈیو لنک کانفرنس سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقد ہوا ۔وزیر داخلہ نے ٹریفک ایشوز پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افطار و سحر کے اوقات میں شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہونا چاہیے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جامع ٹریفک مینجمنٹ پلان پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے ، اہم شاہراہوں پر اضافی نفری تعینات کی جائے اور غیرقانونی پارکنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے ۔وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ ضلعی ایس ایس پیز ٹریفک پولیس کو مکمل سپورٹ فراہم کریں ۔ انہوں نے تمام انٹری پوائنٹس پر سخت چیکنگ، گداگروں اور مشکوک و مشتبہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن، اسنیپ چیکنگ، موبائل گشت اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لانے کی ہدایت بھی جاری کی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ گداگروں کو حراست میں لے کر ان کے آبائی شہروں کو واپس بھیجا جائے اور شہر بھر میں سرپرائز وزٹس کے ذریعے سیکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ رمضان المبارک کے دوران زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت لاء اینڈ آرڈر پر مکمل کنٹرول یقینی بنایا جائے ۔ اجلاس میں آئی جی نے رمضان کے تینوں عشروں پر مشتمل سیکیورٹی کنٹی جینسی پلان کی ترجیحات، حساس مقامات کی درجہ بندی، نفری کی تعیناتی، انٹیلی جنس کوآرڈینیشن اور کمانڈ اینڈ کنٹرول میکنزم پر تفصیلی بریفنگ دی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں