اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ آفس کے سامنے بجلی کا پول حادثات کاسبب
منڈیکی گورائیہ(نامہ نگار) اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ آفس کے سامنے سڑک پر رکھے گئے بجلی کے پول حادثات کا موجب بننے لگے ،
گزشتہ کئی دنوں سے واپڈا والوں نے ڈسکہ شہر میں بجلی کے پول تبدیل کرنے کیلئے نئے پول اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ آفس کے سامنے سڑک پر رکھ دئیے ہیں ،یہ بجلی کے پول حادثات کاموجب بن رہے ہیں ،متعدد شہری اور موٹرسائیکل سوارسڑک پر پڑے ہوئے ان بجلی کے پولوں سے ٹکرا کر زخمی ہوکر ہسپتالوں میں پہنچ چکے ہیں مگر واپڈا والے سڑک سے ان پولوں کو اٹھانے کو تیار ہی نہیں ،اسی سڑک پر گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین ڈسکہ اور گورنمنٹ ہائی سکول ڈسکہ کوٹ اور گورنمنٹ کرسچن ہائی سکول ڈسکہ بھی ہے ،یہاں سے طلبا و طالبات بھی گزر کر سکول وکالجز جاتے ہیں ،رات کے وقت شہری سڑک پر رکھے گئے ان بجلی کے پولوں سے ٹکرا جاتے ہیں، بعض موٹرسائیکل سوار یہ پول اندھیرے میں نظر نہ آنے کی وجہ سے اس سے ٹکراکاحادثات کا شکار ہوجاتے ہیں۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیاہے کہ اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ آفس کے سامنے سڑک پر رکھے گئے بجلی کے پولوں کو فی الفور ہٹاجائے تاکہ شہری حادثات کا شکار ہونے سے بچ سکیں۔