سہولت بازار حکومت پنجاب کا عوام دوست اقدام :ڈی سی

 سہولت بازار حکومت پنجاب کا عوام دوست اقدام :ڈی سی

حافظ آباد(نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ نگہبان رمضان پیکج اور رمضان سہولت بازار حکومت پنجاب کا عوام دوست اور غریب پرور انقلابی اقدام ہے ۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پہلی بار صوبہ بھر کی طرح حافظ آباد کے اہم عوامی مقامات،چوک ،چوراہوں ،مارکیٹوں اور بازاروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے ۔رمضان کریم کی مناسبت سے برقی قمقموں سے تیار دیدہ زیب بورڈز بھی تیار کیے گئے ہیں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہاررمضان سہولت بازار کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے علی الصبح سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا۔منڈی کے دورہ کے دوران ڈپٹی کمشنر نے سبزیوں اور پھولوں کی نیلامی کے عمل کا جائزہ لیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں اور کوالٹی کا بھی معائنہ کیا اور مارکیٹ کمیٹی افسران اور سٹاف کو ہدایت کی کہ سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی اپنی نگرانی میں کروائی جائے ۔ کسی بھی آڑھتی کو بغیر نیلامی سزبیاں اور پھل فروخت کرنے کی اجازت نہیں،اپنی مرضی یا فرضی بولی لگانے والے آڑھتیوں کے خلاف کارروائی بھی کی جائے۔

،ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر رمضان المبارک میں سستی اشیاء کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے کسی دوکاندار، تاجر یا آڑھتی کو ناجائز منافع خوری،ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں اور جو دکاندار،تاجر یا آڑھتی مصنوعی ذخیرہ اندوزی اور مہنگے داموں اشیا فروخت کریگا ،اسکے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ رمضان سہولت بازار کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ نگہبان رمضان پیکج اور رمضان سہولت بازار حکومت پنجاب کا عوام دوست اور غریب پرور انقلابی اقدام ہے ۔ رمضان سہولت بازار میں آٹا،چینی،گوشت،کریانہ،سزبیاں،پھل،کھجور اور دیگر اشیاء عام مارکیٹ کی نسبت سستے داموں دستیاب ہیں ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں