رمضان صبر، برداشت، ایثار اور تقویٰ کا درس دیتا ،فیصل راٹھور
معاشرتی ذمہ داریوں کا بھی خیال رکھیں،مستحق افراد کی دل کھول کر مدد کی جائے ،پیغام
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) آزادکشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اہلِ اسلام کو رمضان المبارک کی آمد پر مبارکباد پیش کی ہے۔ تہنیتی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ رمضان المبارک صبر، برداشت، ایثار اور تقویٰ کا درس دینے والا مقدس مہینہ ہے جو انسان کو اپنی ذات کا محاسبہ کرنے اور اللہ تعالیٰ سے اپنے تعلق کو مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ روزہ انسان میں ضبطِ نفس، ہمدردی اور معاشرتی مساوات کا احساس پیدا کرتا ہے اور ہمیں ضرورت مندوں، یتیموں اور محروم طبقات کی مدد کرنے کی تلقین کرتا ہے ۔ یہ مہینہ ہمیں اتحاد و اخوت، رواداری اور باہمی احترام کا پیغام دیتا ہے جس پر عمل پیرا ہو کر ہم ایک پرامن اور فلاحی معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو یاد رکھنا چاہیے اور ان کی آزادی اور سلامتی کے لیے دعا گو رہنا چاہیے ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ عبادات کے ساتھ ساتھ صفائی، نظم و ضبط اور معاشرتی ذمہ داریوں کا بھی خیال رکھیں اور مستحق افراد کی دل کھول کر مدد کریں۔