پرائس کنٹرول کی خلاف ورزیاں،متعدد دکانیں سیل، جرمانے
یکم رمضان کو 3464 انسپکشنز، اوورچارجنگ پر سخت کارروائیاں، گرفتاریاں
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں پرائس کنٹرول میکنزم پر مؤثر عملدرآمد کیلئے ضلعی انتظامیہ کا بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ رمضان المبارک کے آغاز پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق یکم رمضان المبارک کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ضلع بھر کی مارکیٹوں اور بازاروں میں مجموعی طور پر 3464 انسپکشنز کیں۔ اس دوران اشیائے ضروریہ کی اوورچارجنگ کی 281 خلاف ورزیوں پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
کارروائیوں کے نتیجے میں 85 گرانفروشوں کو مجموعی طور پر 3 لاکھ 23 ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر 175 دکانیں سیل، 147 افراد کو گرفتار اور 15 کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ۔