کمشنر کا اولڈ ایج ہوم میں گھریلو ماحول کی فراہمی کی ہدایت
راجہ جہانگیر انور کی بزرگوں سے ملاقات، سحر و افطار اور سہولیات میں بہتری پر زور
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے اولڈ ایج ہوم کا دورہ کیا اور وہاں مقیم بزرگ افراد سے ملاقات کرکے ان کی خیریت اور صحت دریافت کی۔ انہوں نے بزرگوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا اور ادارے میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں استفسار کیا۔اس موقع پر کمشنر نے ہدایت کی کہ اولڈ ایج ہوم میں مقیم بزرگ افراد کو گھریلو ماحول فراہم کیا جائے اور انہیں کسی قسم کی کمی کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ سحر و افطار سمیت بنیادی ضروریات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔
انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ اپنے والدین کی عزت و احترام کو یقینی بنائیں اور ان کی ضروریات کا خیال رکھیں تاکہ انہیں اداروں میں آنے کی ضرورت پیش نہ آئے ۔کمشنر نے مزید بتایا کہ ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے اولڈ ایج ہوم میں مقیم بزرگوں کے اعزاز میں جلد افطار ڈنر کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ اس موقع پر بزرگوں نے ان کے ساتھ وقت گزارنے اور توجہ دینے پر کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔