رمضان المبارک کی آمد پر فیصل آباد میں خصوصی چراغاں
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایات پر شاہراہوں پر رمضان نگہبان سائن توجہ کا مرکز
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ماہِ صیام کی بابرکت آمد کے موقع پر شہر کو دلکش اور دیدہ زیب انداز میں سجا دیا گیا ہے جس سے فضا خوشی اور روحانیت سے معطر ہو گئی ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر شہر بھر کو رمضان المبارک تھیم کے مطابق آراستہ کیا گیا ہے ۔بڑی شاہراہوں، اہم چوراہوں اور مرکزی مارکیٹوں میں خصوصی چراغاں کیا گیا ہے جبکہ گرین بیلٹس اور سڑکوں کے اطراف رنگ برنگی روشنیاں نصب کی گئی ہیں۔ اہم شاہراہوں کے کنارے درختوں کو کلر فل لائٹنگ سے مزین کر دیا گیا ہے۔
جس سے رات کے اوقات میں شہر کا منظر انتہائی حسین دکھائی دے رہا ہے ۔استقبالِ رمضان کے سلسلے میں مختلف مقامات پر \"رمضان نگہبان\" کے نیون سائن نصب کیے گئے ہیں جو شہریوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ مارکیٹوں کے داخلی راستوں پر رمضان المبارک تھیم پر مبنی محرابی لائٹنگ لگائی گئی ہے جو روح پرور ماحول کو مزید اجاگر کر رہی ہے ۔علاوہ ازیں نگہبان سہولت بازاروں اور دسترخوان کے مقامات پر روشن آرائشی محرابیں اور خصوصی سجاوٹ شہریوں کے لیے خوشگوار احساس کا باعث بن رہی ہیں۔