کمالیہ:رمضان دستر خوان کے ذریعے مستحقین کو باعزت افطار فراہم
کمالیہ (نمائندہ خصوصی)تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کمالیہ میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں مستحق اور نادار افراد کے لیے ’’رمضان نگہبان دستر خوان‘‘ کا اہتمام کیا گیا،
جس میں ضلعی انتظامیہ اور ہسپتال انتظامیہ کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ، اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی، اور ایم ایس ڈاکٹر عدیل عارف سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔ مہمانوں نے دستر خوان کے انتظامات کا جائزہ لیا اور روزہ داروں میں کھانا تقسیم کیا۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے کہا کہ رمضان نگہبان دستر خوان کا مقصد مستحق افراد کو باعزت انداز میں معیاری افطار فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلعی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے ایسے اقدامات جاری رکھے گی۔اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی نے کہا کہ رمضان المبارک ایثار، ہمدردی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور ضلعی انتظامیہ اس پیغام کو عملی شکل دینے کے لیے کوشاں ہے ۔ایم ایس ڈاکٹر عدیل عارف نے بتایا کہ ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور ان کے تیمارداروں کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ وہ بھی اس بابرکت مہینے میں سہولت سے مستفید ہو سکیں۔رمضان نگہبان دستر خوان کی کاوش و اہتمام سماجی شخصیت چوہدری شاہد اقبال گجر کی جانب سے کیا گیا، جن کی فلاحی خدمات کو شرکاء نے سراہا اور اسے قابلِ تحسین اقدام قرار دیا۔