اٹھارہ ہزاری:مہنگائی کا طوفان، دیہاڑی دار طبقہ پریشان
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا )تحصیل اٹھارہ ہزاری میں ماہِ رمضان المبارک کے دوران مہنگائی نے شہریوں کی کمر توڑ دی۔
بڑے گوشت کی قیمت پورے رمضان میں 1200 روپے فی کلو سے کم نہ ہو سکی، جس کے باعث متوسط اور دیہاڑی دار طبقے کے شہری شدید پریشانی کا شکار رہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول کے دعوے صرف کاغذوں تک محدود رہے اور عملی طور پر کسی کو ریلیف نہیں ملا۔ مقامی افراد کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارروائیاں وقتی اور نمائشی ثابت ہوئیں۔ چند دکانداروں کو جرمانے کرنے کے باوجود مجموعی طور پر قیمتوں میں کوئی واضح کمی نہ آسکی۔شہریوں نے مزید کہا کہ قصاب اپنی من مانی کر رہے ہیں اور سرکاری نرخ نامہ نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔سبزی و فروٹ کی قیمتیں بھی آسمان کو چھو رہی ہیں۔سبزی اور پھل فروشوں کا کہنا ہے کہ انہیں اشیائے خوردونوش منڈی سے مہنگے داموں فراہم کی جاتی ہیں، جس کی وجہ سے وہ کم نرخوں پر فروخت کرنے سے قاصر ہیں۔ انتظامیہ نے سبزی و فروٹ منڈیوں میں نرخ کم کرانے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے ، جس کا بوجھ ریٹیلرز اور بالآخر عوام پر پڑتا ہے ۔شہری حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ صرف چھوٹے دکانداروں کے خلاف کارروائی کے بجائے سپلائی چین کے بنیادی مراکز پر بھی سخت نگرانی کی جائے ، تاکہ قیمتوں میں حقیقی کمی ممکن ہو سکے ۔