گوجرہ: پٹرول کی مصنوعی قلت پر ضلعی انتظامیہ کاایکشن
مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی ہو گی :اے سی
گوجرہ (نمائندہ دُنیا )پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی افواہوں کے بعد گوجرہ کے متعدد پٹرول پمپس نے پٹرول اور ڈیزل کی فروخت روک دی، جس سے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور لوگوں نے پمپس کا رخ کر کے لمبی قطاریں لگا دیں۔اطلاع ملنے پر اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ نے شہر کے مختلف پٹرول پمپس پر چھاپے مارے اور پٹرول کی ترسیل کو فوری طور پر بحال کروایا۔ اے سی نے واضح کیا کہ کسی کو مصنوعی قلت پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں پٹرول کی کوئی قلت نہیں ہے اور پٹرول پمپس مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فروخت بند کرنے سے باز رہیں۔