صنعتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے :آر پی او
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا نے کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کے ہمراہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا دورہ کیا۔
صدر چیمبر آف کامرس فیصل آباد فاروق یوسف شیخ، نائب صدر نوید اکرم شیخ، سابق عہدیداران اور دیگر معزز ایف سی سی آئی عہدیداران نے ان کا استقبال کیا۔دورے کے دوران شہر کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، امن و امان، جرائم کی روک تھام اور چیمبر آف کامرس فیصل آباد کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے امن و امان کے قیام کے لیے صنعتکاروں کے کردار کو سراہا اور کہا کہ فیصل آباد کے صنعتکاروں کو درپیش مسائل کو ہر سطح پر ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی حالات کے پیش نظر بزنس کمیونٹی کے لیے پرامن ماحول کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز فاروق یوسف شیخ نے آر پی او فیصل آباد کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز پرامن فیصل آباد کے قیام کے لیے پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔