سدھار:بازاروں میں گراں فروشی ،ضلعی انتظامیہ تماشائی
بیشتر جگہوں پر ریٹ لسٹیں بھی آویزاں نہیں ، من مانی قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں
پینسرہ(نمائندہ دنیا )سدھار کے مرکزی بازار اور گردونواح میں گراں فروشی عروج پر پہنچ گئی ہے ، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول عملہ مبینہ طور پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ اس کے نتیجے میں شہری ماہِ رمضان میں مہنگے داموں اشیائے خورونوش خریدنے پر مجبور ہیں۔مرکزی بازار سدھار، ملاپور روڈ، قبرستان روڈ، اڈا سدھار اور دیگر مقامات پر فروٹ، سبزیاں اور دیگر اشیائے خورونوش سرکاری ریٹ لسٹ سے زائد قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہیں، جبکہ بیشتر جگہوں پر ریٹ لسٹیں بھی آویزاں نہیں کی گئیں۔ شہریوں کے مطابق کیلا، سیب اور دیگر پھلوں کے علاوہ سبزیوں کی قیمتیں بھی من مانے انداز میں وصول کی جا رہی ہیں۔
اسی طرح ٹھیلوں اور چھوٹی دکانوں پر پکوڑے ، سموسے اور دیگر کھانے پینے کی اشیا بھی سرکاری نرخوں سے زیادہ قیمت پر فروخت ہو رہی ہیں، اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے کسی مؤثر چیکنگ کا سلسلہ نظر نہیں آ رہا۔ شہریوں نے انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض ریڑھی بان اور دکاندار ماہِ رمضان میں عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔مقامی شہریوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بازاروں میں چیکنگ کا عمل شروع کیا جائے ، ریٹ لسٹوں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور گراں فروشی میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔