سرکاری عمارتوں ودفاتر میں ایک لاکھ پودے لگانے کا فیصلہ ، شجر کاری کمیٹی تشکیل

 سرکاری عمارتوں ودفاتر میں ایک لاکھ پودے لگانے کا فیصلہ ، شجر کاری کمیٹی تشکیل

پودے شہر کی مختلف سرکاری عمارات کی چار دیواریوں کے اندر لگائے جائیں گے ،کم از کم پانچ فٹ قد کے مختلف اقسام کے مفید اور ماحول دوست پودے لگانے کا فیصلہ،درخت ماحول کو آلودگی سے بچاتے ہیں: ڈی جی

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی ہدایات پر شہر میں ماحولیاتی بہتری اور سرسبز ماحول کے فروغ کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت سرکاری عمارات اور دفاتر میں ایک لاکھ مفید پودے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس مقصد کے لئے کمشنر نے ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد آصف چودھری کی سربراہی میں شجرکاری کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔اس سلسلے میں شجرکاری کمیٹی کا اجلاس ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی زیر صدارت ایف ڈی اے کمپلیکس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا جس میں منیجنگ ڈائریکٹر پی ایچ اے دلاور خاں، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف اقبال چوہان، ڈائریکٹر پی ایچ اے حسان جاوید، میونسپل کارپوریشن، محکمہ تعلیم اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندہ افسروں نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ایک لاکھ پودے شہر کی مختلف سرکاری عمارات کی چار دیواریوں کے اندر لگائے جائیں گے ، جن کے لئے سرکاری رہائش گاہوں، تعلیمی اداروں، ہسپتالوں اور سرکاری دفاتر کا انتخاب کیا جائے گا۔شجرکاری کے لئے کم از کم پانچ فٹ قد کے مختلف اقسام کے مفید اور ماحول دوست پودے لگائے جائیں گے تاکہ ان کی بہتر نشوونما اور جلد افزائش ممکن ہو سکے ۔محمد آصف چودھری نے کمیٹی کے ارکان کا خیر مقدم کرتے ہوئے شجرکاری کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی اور کہا درخت ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھنے ، شہری فضا کو خوشگوار بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں