کینال روڈ ، ایکسپریس ہائی وے پر ون ویلرز کیخلاف بڑا آپریشن ،15 افراد کیخلاف مقدمات
250 سی سی موٹر سائیکلوں پر مشتمل ٹریفک سٹاف کی بڑی تعداد نے کارروائیوں میں حصہ لیا،ون ویلنگ کسی صورت بر داشت نہیں کی جائیگی :سی ٹی او ناصر جاوید
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس نے جمعۃ المبارک کی صبح ون ویلرز کے خلاف بڑا آپریشن کرتے ہوئے ایک ہی روز میں 15 افراد کے خلاف مقدمات درج کرا دئیے ۔ کینال روڈ، ایکسپریس ہائی وے اور دیگر مختلف مقامات پر کریک ڈاؤن کیا گیا۔سی ٹی او ناصر جاوید رانا نے کہا ون ویلنگ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتی ہے ، جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا سرکل آفیسر قاری محمد نواز کی سربراہی میں اینٹی ون ویلنگ سکواڈز متحرک ہیں۔سیکٹر انچارجز عمران وڑائچ، محمد شاہد، محمد طارق اور سعید سبحانی نے ون ویلرز کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں کیں۔
اینٹی ون ویلنگ سکواڈز میں 250 سی سی موٹر سائیکلوں پر مشتمل ٹریفک سٹاف کی بڑی تعداد نے کارروائیوں میں حصہ لیا۔سی ٹی او کے مطابق رواں سال ون ویلنگ کے خلاف 78 سے زائد مقدمات درج کیے ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ون ویلنگ، خطرناک ڈرائیونگ اور کم عمری میں گاڑی چلانے کی اجازت ہرگز نہ دیں۔شہری کسی بھی سڑک پر ون ویلنگ کی شکایت ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر درج کرا سکتے ہیں۔