ٹو بہ :عید سے قبل ٹریفک چالانوں کی بھرمار، شہری پریشانی کا شکار
مہنگائی سے عوام کا برا حال ، وزیر اعلیٰ بلا وجہ چالانوں کو نوٹس لیں :شہری
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )عیدالفطر کی آمد سے قبل ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ٹریفک وارڈنز کی جانب سے چالانوں کی مبینہ بھرمار نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہیلمٹ پہننے ، ڈرائیونگ لائسنس ساتھ رکھنے اور ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کے باوجود معمولی اور غیر ضروری وجوہات تلاش کر کے بھاری جرمانے کیے جا رہے ہیں، جس سے عام آدمی ذہنی اور مالی دباؤ کا شکار ہے ۔شہریوں کے مطابق شہر کا شاید ہی کوئی چوک، بازار یا سڑک کا کونہ ایسا بچا ہو جہاں ٹریفک وارڈنز موجود نہ ہوں اور شہریوں کو روک کر چالان نہ کیے جا رہے ہوں۔
متعدد شہریوں نے شکایت کی کہ معمولی سائیڈ لائٹ یا دیگر چھوٹی موٹی خامیوں کو بنیاد بنا کر ہزاروں روپے کے چالان تھما دئیے جاتے ہیں، جس سے عوام میں بے چینی اور غم و غصہ پایا جا رہا ہے ۔شہریوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مہنگائی پہلے ہی عوام کی کمر توڑ رہی ہے اور لوگ بڑی مشکل سے عید کی خریداری کرتے ہیں، مگر چالانوں کی سختی نے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔ متاثرہ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور ٹریفک چالان کے نظام کو منصفانہ اور متوازن بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔