پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ہے :اعجاز چودھری
بجلی کے بلوں میں بھاری ٹیکسوں کی بھرمار نے غریب عوام کے ہوش اڑا دئیے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر محمد اعجاز چودھری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کے بلوں میں بھاری ٹیکسوں کی بھرمار نے غریب عوام کے ہوش اڑا دئیے ہیں اور مہنگائی کے ستائے ہوئے شہری شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر عوام کا معاشی استحصال کب تک جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ آئے روز مہنگائی کے وار اس قدر شدید ہو رہے ہیں کہ عام آدمی پریشان ہے اور کسی کو سمجھ نہیں آ رہی کہ ن لیگی حکومت ملک، معیشت اور عوام کے ساتھ کیا کر رہی ہے۔ کبھی بجلی اور گیس کے بلوں میں اضافی ٹیکس وصول کیے جاتے ہیں تو کبھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافہ کر دیا جاتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رہنما چودھری اظہر جاوید گجر، ڈویژنل و ڈسٹرکٹ میڈیا کوآرڈینیٹر محمد طاہر شیخ، رائے عابد کھرل، محمد فرحان چوہدری، شاہد گوگا اور حکیم رانا جنید ایڈووکیٹ کے ہمراہ اپنے حلقہ انتخاب کے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔