ڈی پی او چنیوٹ کی کھلی کچہری، شہریوں کی فوری داد رسی کی ہدایت
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے ڈی پی او آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جہاں شہریوں کے مسائل سنے گئے ۔
اس موقع پر ڈی پی او نے موصول ہونے والی درخواستیں متعلقہ افسران کو مارک کرتے ہوئے مقررہ وقت میں داد رسی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کمپلینٹ سیل افسران کو بھی ہدایت کی کہ درخواستوں کا باقاعدہ فالو اپ لے کر رپورٹ پیش کی جائے ۔ڈی پی او نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کے لیے تمام ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ضلع بھر کے تھانوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے شہریوں کی سہولت کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں اور عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ تھانوں اور دفاتر میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کے مسائل بلا تاخیر حل کیے جائیں۔ کسی بھی شہری کی تضحیک ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر کسی شہری کا مسئلہ تھانے میں حل نہ ہو تو وہ بلاجھجھک ڈی پی او آفس سے رجوع کرے ، اس کے مسئلے کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔ شہریوں کی سہولت کے لیے واٹس ایپ نمبر 0370-4022020 بھی متعارف کروایا گیا ہے جہاں گھر بیٹھے شکایات بھیجی جا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جرائم کے خاتمے کے لیے عوامی تعاون نہایت ضروری ہے ، شہری پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے اردگرد ہونے والی جرائم کی سرگرمیوں کی بروقت اطلاع دیں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔