ناکہ بندی، پٹرولنگ، کیمرے، شہر میں جرائم 70 فیصد کم

ناکہ بندی، پٹرولنگ، کیمرے، شہر میں جرائم 70 فیصد کم

ریجن فیصل آباد پولیس عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے اسی جذبے اور لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں جاری رکھے گی:آر پی او سہیل اختر سکھیرا

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) بڑھتی ہوئی ڈکیتی، چوری، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم کی روک تھام کے لیے فیصل آباد پولیس نے جامع حکمت عملی اپناتے ہوئے شہر بھر میں ناکہ بندی، پٹرولنگ اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ شروع کر دی ہے ۔ ان اقدامات کے نتیجے میں جرائم کی وارداتوں میں 70 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے ، جس پر شہری بھی پولیس کی کارکردگی کو سراہتے دکھائی دیتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق، آر پی او سہیل اختر سکھیرا کے بطور ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد چارج سنبھالنے کے بعد گزشتہ تین ماہ میں ریجن میں جرائم کے خلاف غیر معمولی بہتری دیکھی گئی ہے ۔ مؤثر حکمت عملی اور بھرپور کارروائیوں کے تحت جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے ، جن کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔پولیس کی منشیات کے خلاف مہم کے دوران اب تک 3200 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں،

جس سے منشیات فروش نیٹ ورکس کو شدید دھچکا لگا اور ریجن میں منشیات کی دستیابی میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔قتل اور اقدامِ قتل کے مقدمات میں مطلوب 111 اشتہاری مجرموں کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے ایک 25 سال، چھ 15 سال اور دیگر مختلف عرصے سے مفرور تھے ۔ اس کے علاوہ، پولیس نے 26 اندھے قتل کے مقدمات بھی ٹریس کیے ۔اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ تین ماہ کے دوران ریجن فیصل آباد میں مجموعی جرائم میں 70 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے ، جو آر پی او سہیل اختر سکھیرا کی قیادت اور پولیس ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت کا واضح ثبوت ہے ۔آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ریجن فیصل آباد پولیس عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اسی جذبے اور لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں جاری رکھے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں