ٹوبہ : عدالتی حکم پر ایس ایچ او سمیت 2اہلکاروں کیخلاف مقدمہ

 ٹوبہ : عدالتی حکم پر ایس ایچ او سمیت 2اہلکاروں کیخلاف مقدمہ

گوجرہ کی رہائشی نوشین رزاق نے لاہور ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی تھی

ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)اینٹی کرپشن پولیس نے لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اخلاق اﷲ تارڑ کی مدعیت میں ایس ایچ او تھانہ رجانہ انسپکٹر اعجاز حسین کھوکھر اور اے ایس آئی جاوید اقبال کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق گوجرہ کی رہائشی خاتون نوشین رزاق نے لاہور ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے ان کے والد کو غیر قانونی حراست میں رکھا ہوا ہے ۔ عدالت کی جانب سے رپورٹ طلب کیے جانے پر پولیس نے مذکورہ شخص کی گرفتاری ایک ڈکیتی مقدمہ میں ظاہر کرتے ہوئے اس کی شناخت پریڈ کروائی، تاہم شناخت نہ ہو سکی۔

بعد ازاں اسے مقدمہ سے ڈسچارج کر کے رپورٹ عدالت میں پیش کر دی گئی۔فاضل جج کی جانب سے مقدمہ کا مکمل ریکارڈ طلب کیے جانے پر انکشاف ہوا کہ ایف آئی آر میں نامعلوم ملزموں کی عمریں 25 سے 30 سال درج تھیں جبکہ گرفتار شخص کی عمر 65 سال تھی۔ اس تضاد پر عدالت نے متعلقہ افسروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔عدالتی احکامات کی روشنی میں انکوائری کے بعد اینٹی کرپشن پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں