ٹو بہ:ڈی سی کا گرلز ہائی سکول چک 351 گ ب ناگرہ کا دورہ
کلاس رومز، صفائی ، فرنیچر اور دیگر سہولیات کا جائزہ ،طالبات سے بات چیت
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چک نمبر 351 گ ب ناگرہ کا دورہ کیا اور سکول کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے کلاس رومز، صفائی ستھرائی، فرنیچر اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا جبکہ طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی تعلیمی سرگرمیوں اور مسائل کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے سکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ طالبات کو بہتر اور محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے ، صفائی کے انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور حاضری کو یقینی بنایا جائے ۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے کہا کہ تعلیم کے معیار میں بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں تاکہ طالبات کو معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے ۔