چنیوٹ: ڈپٹی کمشنر کا فوڈ سٹریٹ اور بیوٹیفکیشن منصوبوں کا دورہ
عائشہ رضوان کی بس سٹینڈ کی بحالی اور ماچھیانوالہ قبرستان کی دیوار بارے ہدایات
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے لائبریری پارک میں فوڈ سٹریٹ کے قیام کے حوالے سے سائٹ کا وزٹ کیا۔ ڈپٹی کمشنر کو فوڈ سٹریٹ کے منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور فوری طور پر کام شروع کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ انہوں نے پارک کی تمام سائیڈز میں گھاس اور پودے لگانے کی بھی ہدایت دی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے وژن کے مطابق شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے فوڈ سٹریٹ تیار کی جا رہی ہے ، جہاں کھانوں کے ساتھ شہریوں کو آرام دہ ماحول اور بچوں کو تفریح کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
بعد ازاں انہوں نے سرگودھا روڈ پر بیوٹیفکیشن کے مختلف مقامات کا دورہ کیا، جس میں جنرل بس سٹینڈ کے سامنے بنائے گئے فوارہ مونومنٹ اور فلاور وال کا جائزہ لیا اور ایم سی کی جانب سے کیے گئے کاموں کو سراہا۔ مزید بہتری کے لیے انہوں نے مونومنٹس کے اطراف پر پرانے حفاظتی جنگلوں کی جگہ نئے جنگلے لگانے ، رنگ و روغن اور لائٹس کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر نے ڈالفن چوک کا دورہ بھی کیا اور صفائی ستھرائی، پلانٹیشن، لائٹس اور دیگر امور کے فوری اقدامات کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے جنرل بس سٹینڈ کی بحالی اور ماچھیانوالہ قبرستان کی باہر کی دیوار کی خوبصورتی کے حوالے سے سی او ایم سی کو ہدایات جاری کیں۔