عید کے دوران پانی،سیوریج سسٹم کی نگرانی، شیڈول جاری
تعطیلات کے دوران تمام ڈسپوزل سٹیشن مکمل کیپیسٹی کے ساتھ فعال رہیں گے
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے ہدایت کی ہے کہ مساجد اور پارکوں کے باہر کسی قسم کا پانی جمع نہ ہونے دیا جائے ، اور اس کے لیے آپریشنز سٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید تعطیلات کے دوران تمام ڈسپوزل سٹیشن مکمل کیپیسٹی کے ساتھ فعال رہیں گے تاکہ سیوریج کی سطح کم سے کم رہے اور کسی جگہ اوور فلو نہ ہو۔ثاقب رضا نے واضح کیا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران تمام آپریشنز سٹاف ڈیوٹی پر موجود رہیں گے جبکہ افسران مانیٹرنگ کریں گے۔
مزید برآں، عید تعطیلات کے لیے پانی کی فراہمی کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے ، جس کے مطابق صارفین کو صبح اور شام کے اوقات میں 3-3 گھنٹے پانی فراہم کیا جائے گا۔ صبح کے اوقات میں ساڑھے 5 بجے سے ساڑھے 8 بجے تک اور شام میں ساڑھے 3 بجے سے ساڑھے 6 بجے تک پانی کی سپلائی جاری رہے گی۔انہوں نے صارفین کو ہدایت دی کہ شیڈول کے بغیر موٹریں چلا کر پانی لینے سے گریز کریں ۔کیونکہ اس سے پانی میں آلودگی شامل ہونے کا خدشہ رہتا ہے ۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں فری ہیلپ لائن 1334 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔