وزیراعلیٰ کی پانی کے بڑے منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعرات کو کراچی میں پانی کے بڑے انفرااسٹرکچر منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کے فور واٹر سپلائی پروجیکٹ اور ۔۔۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پروجیکٹ کے تحت جاری اصلاحات کی بروقت تکمیل شہر کی بڑھتی ہوئی آبی و نکاسی آب کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ناگزیر ہے ۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کراچی کے پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی جدید اور مؤثر پانی کی فراہمی کے نظام کی متقاضی ہے ، اس لیے تمام جاری منصوبوں کو مقررہ وقت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ کے فور پائپ لائن پر کام تیز کر دیا گیا ہے ،خصوصاً کراچی بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کے ساتھ مشترکہ 2.7 کلومیٹر طویل کوریڈور پر کام جاری ہے ۔ منصوبے کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے اب روزانہ دو بڑی پائپ لائنز بچھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔مراد علی شاہ نے ہدایت دی کہ گنجان آباد علاقوں میں موجود یوٹیلیٹی لائنز کے پیش نظر جدید کھدائی تکنیک استعمال کی جائے۔