عید پر زائد کرایہ وصولی، سخت کارروائی کی ہدایت

عید پر زائد کرایہ وصولی، سخت کارروائی کی ہدایت

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے ضلع بھر میں عیدالفطر انتظامات کے حوالے سے خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسروں کو ہدایات جاری کرتے کہا کہ مسافروں سے عید کے دوران کرایہ پر اوور چارجنگ کی سختی سے روک تھام یقینی بنائی جائے ۔تمام محکمے چاند رات، عیدالفطر کے موقع پرسخت سکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں ۔ مساجد، عید گاہوں اور قبرستانوں میں صفائی کی جائے۔پبلک ٹرانسپورٹ میں غیر قانونی گیس سلنڈر ہر گز استعمال نہ کیے جائیں۔ پی ایچ اے پارکس میں جھولوں کی مرمت، جوئے رائیڈزکے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنرز تحریری سرٹیفکیٹس لیں۔ سوشل میڈیا پر غیر قانونی کرتب دکھانے والوں کیخلاف کاروائی کی جائے ۔انہوں نے کہا عید کے پہلے دو روز تمام محکموں کے سربراہان ہیڈکوارٹرز پر موجود رہیں گے اور عید کے دنوں تمام محکموں کے ڈیوٹی روسٹر آویزاں ہوں، ہیلتھ اتھارٹی اور ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال تمام تحصیلوں، دیہی و بنیادی مراکز صحت میں طبی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی جاری رکھیں۔

عید کے دنوں میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس متحرک رہیں اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات بروئے کار لائیں۔اسسٹنٹ کمشنرز سبزی وپھل منڈیوں کے دورے کریں، درست قیمتوں کا تعین، مقررہ قیمتوں پر اطلاق کروائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا عید الفطر پر صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات کئے جائیں ۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی گوجرانوالہ کے افسر غیر معیاری اور ناقص کھانوں کی فروخت کیخلاف کریک ڈاؤن کریں، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کمپنیوں کے مقررہ نرخوں پر ریٹس پر عملدرآمد کروائیں۔ انہوں نے کہا کنارہ ہوٹل،خانکی بیراج، نہر اپرچناب پر ریسکیو کے غوطہ خور تعینات ہونگے تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں