عید پر ریسکیو 1122 جھنگ کا 680 کالز پر فوری ریسپانس

 عید پر ریسکیو 1122 جھنگ کا 680 کالز پر فوری ریسپانس

تین روز میں 2987 کالز موصول ، 719مریضوں کو ریسکیو کیا گیا

جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر) عید الفطر کے موقع پر ریسکیو 1122 جھنگ نے تین روز کے دوران مجموعی طور پر 2987 کالز موصول کیں، جن میں سے 680 ایمرجنسی کالز پر فوری ریسپانس دیا گیا۔ کنٹرول روم کو موصول ہونے والی کالز میں غیر متعلقہ اور بے مقصد کالز کی تعداد بھی نمایاں رہی، تاہم ریسکیو ٹیمیں ہر لمحہ الرٹ رہیں اور شہریوں کو بروقت سہولیات فراہم کرتی رہیں۔ریسکیو 1122 کے مطابق 153 روڈ ٹریفک حادثات، 473 میڈیکل ایمرجنسیز، 3 آگ کے واقعات، 12 کرائم کیسز، 18 فال کیسز اور 21 دیگر ریسکیو آپریشنز انجام دیے گئے ۔ ریسکیو ٹیموں نے اربن اور رورل علاقوں میں اوسطاً 9 منٹ کے ریسپانس ٹائم کے ساتھ خدمات انجام دیں، جو پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی کا ثبوت ہے ۔ریسکیو 1122 جھنگ نے عید کے تین دنوں میں مجموعی طور پر 719 مریضوں کو ریسکیو کیا۔

جن میں 410 افراد کو موقع پرابتدائی طبی امداد دی گئی جبکہ 291 مریضوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا،18 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سلطان محمود نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے عید کے موقع پر بھی اپنی ذاتی خوشیوں کو پس پشت ڈال کر انسانیت کی خدمت کو ترجیح دی ۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر ضروری کالز سے گریز کریں تاکہ حقیقی ایمرجنسی میں بروقت مدد فراہم کی جا سکے ۔ ساتھ ہی شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے ۔ریسکیو 1122 کے جوانوں نے عید کے موقع پر اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر سرانجام دی اور یہ ثابت کیا کہ انسانیت کی خدمت سب سے بڑی خوشی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں