ٹی بی قابلِ علاج مرض ، گھبرانے کی ضرورت نہیں :ڈاکٹر عدیل

 ٹی بی قابلِ علاج مرض ، گھبرانے کی ضرورت نہیں :ڈاکٹر عدیل

تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کمالیہ میں ٹی بی کی تشخیص کیلئے جدید سہولیات موجود ہیں

کمالیہ(نمائندہ دنیا )میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کمالیہ ڈاکٹر میاں عدیل عارف نے کہا ہے کہ ٹی بی ایک قابلِ علاج مرض ہے ، اس سے گھبرانے کی ضرورت نہیں، تاہم بروقت تشخیص اور مکمل علاج نہایت ضروری ہے ،حکومت پنجاب کی جانب سے ٹی بی کے علاج کیلئے تمام سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ٹی بی کے عالمی دن کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کمالیہ میں ٹی بی کی تشخیص کیلئے جدید سہولیات موجود ہیں، جن میں بلغم کا مفت ٹیسٹ اور جدید پی سی آر (GeneXpert)ٹیسٹ شامل ہیں، جو عام طور پر مہنگا ہوتا ہے مگر یہاں مریضوں کو بالکل مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ ٹی بی کے تمام مریضوں کو ادویات بھی مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ ڈاکٹر میاں عدیل عارف نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی مریض میں ٹی بی کی تشخیص ہو جائے تو وہ ہرگز پریشان نہ ہو بلکہ ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق مکمل چھ ماہ کا علاج لازمی کریں،اگر علاج ادھورا چھوڑ دیا جائے تو مرض ریزسٹنٹ ٹی بی میں تبدیل ہو سکتا ہے جس کا علاج زیادہ مشکل اور طویل ہو جاتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے یہ تمام سہولیات تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں مفت فراہم کی جا رہی ہیں اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کمالیہ میں بھی عوام کو یہ سہولت بآسانی دستیاب ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں